لاہور(خالد محمود خالد)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گوہاٹی میں ایک ریلی سے خطاب کے دوران تاریخ کو مسخ کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ برصغیر کی آزادی سے قبل کانگریس نے مسلم لیگ اور برطانوی حکومت کے ساتھ مل کر آسام کو مشرقی پاکستان (موجودہ بنگلہ دیش) کا حصہ بنانے کی سازش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ اور برطانوی حکومت ملک کی تقسیم کی تیاری کر رہے تھے تو ایک منصوبہ بنایا گیا تھا کہ آسام کو غیر منقسم بنگال یا مشرقی پاکستان کا حصہ بنایا جائے۔ کانگریس اس سازش کا حصہ بننے جا رہی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسام کے پہلے وزیراعلیٰ گوپیناتھ بوردولائی نے اپنی ہی پارٹی کے خلاف کھڑے ہو کر اس سازش کی مخالفت کی اور آسام کی شناخت کو بچایا۔ مودی کے اس مضحکہ خیز بیان پر بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا رکن مانکم ٹیگور نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وزیراعظم کے الزام کو تاریخی طور پر غلط اور جھوٹ قرار دیا۔