اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر اور بینظیر بھٹو اسپتالکے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ پروفیسر رائے محمد اصغر نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانی پینے کے غلط طریقے انسانی صحت پر گہرے منفی اثرات مرتب کرتے ہیں جن میں نظامِ ہاضمہ کی خرابی، میٹابولزم کی سستی اور قبل از وقت بڑھاپا شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹھنڈا پانی پینے سے ہاضمہ سست ہو جاتا ہے، خون کی نالیاں سکڑتی ہیں اور جسم کو اضافی توانائی خرچ کرنا پڑتی ہے جس کے نتیجے میں پیٹ درد، گیس اور وزن بڑھنے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔