شہباز گل کا ریمانڈ نہیں دے سکتے، معاملہ سیشن کورٹ دیکھے گی، اسلام آباد ہائیکورٹ

August 17, 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ شہباز گل کا ریمانڈ نہیں دے سکتے، معاملہ سیشن کورٹ دیکھے گی، قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ تفتیش کرنا پولیس کا کام ہے جسے سپروائزمجسٹریٹ کو ہی کرنا ہے، تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں شہباز گل سے مزید تفتیش اور ریمانڈ کی جوڈیشل مجسٹریٹ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کو سماعت کی ہدایت کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے مقدمہ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے دائر شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا سیشن کورٹ سے نظرثانی درخواست مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف درخواست منظور کی اور مقامی عدالت کو سماعت کا حکم دیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج زیبا چوہدری نے ہائی کورٹ کا آرڈر موصول ہونے کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کر کے کل دلائل طلب کر لیے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے شہباز گل کا بغاوت کے مقدمہ میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر مجسٹریٹ کی جانب سے تفتیش کے لیے مزید ریمانڈ نہ دینے اور ایڈیشنل سیشن جج کے نظرثانی درخواست مسترد کرنے کے فیصلوں کے خلاف پٹیشن پر سماعت کی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک سیاسی شخصیت کا کیس ہےمگر عدالت کے سامنے یہ بات بے معنی ہے، ہم نے صرف قانونی نکات کو دیکھنا ہے، کسی ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنا سنجیدہ معاملہ ہے البتہ تفتیش کرنا پولیس کا کام ہے جسے سپروائز مجسٹریٹ نے ہی کرنا ہے، جرم کتنا ہی سنگین ہوملزم ہمیشہ عدالت کا فیورٹ چائلڈ ہوتا ہے۔