پشاور ‘مضر صحت سویٹس اور مصالحوں یونٹس کی دو فیکٹریاں سیل

August 17, 2022

پشاور ( وقائع نگار )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے سبزی منڈی کے قریب کاروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں مضر صحت سویٹس اور غیر معیاری مصالحہ جات برآمد کرتے ہوئے دو یونٹس کو سیل کردیا ہے۔ سبزی منڈی کے قریب کاروائی میں ایک فیکٹری میں خراب خوردنی تیل اور نان فوڈ گریڈ کلر کی مدد سے تیار ہونے والی مضر صحت سویٹس (گڑ سویاں) بڑی مقدار میں برآمد کی گئی، جس پر متعلقہ یونٹ کو سربمہر کردیا گیا۔ کاروائی کے دوران فیکٹری سے 100 لیٹر خراب خوردنی تیل، ایک کلو سے زائد مضر صحت رنگ اور 30 کلو سے زائد سوئٹس برآمد کرکے ضبط کرلئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق فیکٹری میں تیار ہونے والے سویٹس کو شہر کے مختلف مقامات پر سپلائی کیا جاتا تھا، جسے دکانوں اور ریڑیوں میں فروخت کیا جاتا تھا۔ کاروائی کے دوران فیکٹری کو سربمہر کردیا گیا، جبکہ ملوث افراد کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت کاروائی کی جائیگی۔ سبزی منڈی میں مصالحہ جات تیار کرنے والے ایک یونٹ پر بھی چھاپا مارا گیا، جہاں سے بڑی مقدار میں غیر معیاری مصالحہ جات برآمد کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ سے 40 کلو سے زائد نان فوڈ گریڈ کلر اور چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا، جسے مصالحہ جات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا تھا۔ کریک ڈاؤن کے دوران مصالحہ جات یونٹ کو سیل کردیا گیا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی ۔