پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے انتھک محنت کی ضرورت ہے،ڈاکٹر فخر الاسلام

August 19, 2022

پشاور(وقائع نگار )ہمدرد فائونڈیشن کے زیر اہتمام شوریٰ ہمدرد پشاور کا ماہانہ اجلاس پشاور کے سروسز کلب میں منعقد ہواجس کی صدارت اسپیکر شوریٰ ہمدرد پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کی۔ اجلاس کا موضوع تھا’’آئیے اپنا محاسبہ کریں، ہم معاشی، معاشرتی اور ملی اعتبار سے کہاں کھڑے ہیں‘‘ ۔ مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر رشید احمد ،ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی تھے۔ اپنے افتتاحی کلمات میں پروفیسر ڈاکٹر فخر الاسلام نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔پاکستان کے قدرتی اورانسانی وسائل کا بھر پور استعمال ہو تو ہم اسے ایک فلاحی اور معاشی طور پر مضبوط ریاست بنا سکتے ہیں۔ مہمان مقرر پروفیسر ڈاکٹر رشید احمدنے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام محض اتفاق نہیں بلکہ منشائے الٰہی ہے ،اسلام کے نام پر قائم ہونیوالا ملک انشاء اﷲ قائم و دائم رہے گا۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو اسلام کے پرچم کو اُٹھا کرنافذ کرنے کی تعلیم دینی ہو گی اور اس کا آغاز ہمیں اپنے گھر سے کرنا ہو گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ تعصب اور نفرتوں کی وجہ سے ہم ہجوم میں بٹ چکے ہیں ،وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ایک بار پھر ہجوم سے قوم بن جائیں۔ اراکین شوریٰ و مبصرین نے کہا کہ معاشرہ ٹھیک ہے، ہم ٹھیک نہیں ہیں، ہمیں خود کو ٹھیک کرنا ہو گا،جب تک ہم اپنے اندر تبدیلی نہیں لائینگے، اجتماعی تبدیلی نہیں آئیگی،ہمیں اندر سے پاکستانی بننا ہو گا۔