ڈینگی کے وار جاری، جڑواں شہروں میں مزید 163 مریض، تعداد 3469 ہوگئی

September 25, 2022

اسلام آباد ، راولپنڈی (خصوصی رپورٹ، نمائندہ جنگ ،خصوصی نمائندہ) جڑواں شہروں میں ہفتہ کو ڈینگی کے مزید 163مریض رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 85 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے جس سے مریضوں کی مجموعی تعداد 1819 تک جا پہنچی جبکہ ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد پانچ ہو گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق ‏اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی کے 717مریض ہیں، ‏اسلام آباد کے شہری علاقے میں گزشتہ جوبیس گھنٹے کے دوران ڈینگی کے 31 کیس رپورٹ ہوئے، شہر کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کے 1102 مریض ہیں، ‏اسلام آباد کے دیہی علاقے میں گزشتہ جوبیس گھنٹے کے دوران 54کیس رپورٹ ہوا۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران18 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی، پمز ہسپتال میں مریضوں کی تعداد 276 ، پولی کلینک میں 72 جبکہ کیپیٹل ہسپتال میں 39 مریض زیر علاج تھے ۔ ضلع راولپنڈی میں بھی ڈینگی کے مزید 78کنفرم مریض رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 1650ہوگئی۔ نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 42، راولپنڈی کینٹ سے گیارہ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی تیرہ، چکلالہ کینٹ پانچ، ٹیکسلا کینٹ تین، گوجرخان سے ایک اور ٹیکسلا رورل سے ایک مریض رپورٹ ہوا ۔ دریں اثناءراولپنڈی کے تینوں ہسپتالوں میں گزشتہ روز ڈینگی کےشبہ میں 243 مریض داخل تھے ۔ 130 کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا ۔ 167 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔121مریض بے نظیر ہسپتال ، ہولی فیملی میں 58 اور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 64مریض داخل تھے ۔ ڈینگی سے اب تک 3 اموت ہو چکی ہیں ۔گزشتہ روز 81 افراد کو ڈینگی کے شبہ میں داخل کیا گیا دو مریضوں کی حالت نازک تھی۔