نمائش تا کراچی پریس کلب نامنظور اسرائیل ریلی

September 26, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے پاکستانیوں کے مسلسل صہیونی ریاست کے اعلانیہ دورہ جات اور ان پر حکومتی خاموشی کیخلاف نمائش تا کراچی پریس کلب نامنظور اسرائیل ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں بچوں اور خواتین سمیت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما مولانا غلام عباس مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی اور آئی ایس او کراچی کے صدر دیباج عابدی فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماء ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مسلسل پے در پے پاکستانی وفود کی اسرائیل یاترا حکومت کی نا اہلی اور حکومت کے اسرائیل سے خفیہ روابط کی نشاندہی کرتا ہے، حکومت ایسے تمام شہریوں کو گرفتار کرے اور ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائے جو ماضی اور حال میں غاصب صہیوحنی ریاست اسرائیل کا دورہ کر چکے ہیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود عالم اسلام کے قلب میں خنجر کی طرح گھونپا گیا ہے، ناجائز ریاست اسرائیل کے وجود میں آنے سے لیکر آج تک کی تمام تاریخ مظلومین جہاں خصوصاً مظلومین فلسطین کے خون سے بھری ہوئی ہے۔ ریلی کے اختتام پر شرکاء ریلی نے امریکا، اسرائیل، ہندوستان اور برطانیہ کے پرچم نذر آتش کئے۔