41 لیگل انسپکٹرز کی براہ راست بھرتیوں کے تقرر ناموں کا اجراء شروع

September 26, 2022

کراچی (افضل ندیم ڈوگر )سندھ پولیس میں عدالتی احکامات پر دو سال قبل روکی گئی 41 لیگل انسپکٹرز کی براہ راست بھرتیوں کے تقرر ناموں کا اجراء شروع کیا جا رہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سال 2019 میں سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت سندھ پولیس میں گریڈ 16 کی آسامیوں پر 41 لیگل انسپکٹرز کو براہ راست بھرتی کیا گیا تھا۔ ان میں 11 کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ 17 حیدرآباد اور 11 سکھر پولیس رینج سے ہیں۔ قانونی چارہ جوئی کے بعد عدالتی احکامات پر ان براہ راست بھرتیوں کو کالعدم قرار دے دیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں عدالت میں دائر پٹیشن ڈسپوز آف ہوگئی ہے۔ جس کے بعد 41 لیگل انسپکٹر کی بھرتیوں کی اگلی کاروائی کا آغاز کیا گیا۔ 41 لیگل انسپکٹرز کی دستاویزات کی چھان بین مکمل ہوگئی ہے۔ انہیں آفر لیٹر جاری کیے جا چکے ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں ان امیدواروں کا میڈیکل ٹیسٹ ہوگا۔ جس کے بعد ان کے تقرر ناموں کا اجرا کیا جائے گا۔ جس کے بعد ان کی پیشہ وارانہ تربیت کی جائے گی۔