کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت لیاری ٹرانسفارمیشن پلان کی پیش رفت کا جائزہ گیا گیا، اجلاس میں شکایات پر ایس بی سی اےکے اسسٹنٹ ڈائریکٹرکو معطل اور غفلت کے مرتکب تمام افسران کو فوری طور پر فارغ کرنے کی ہدایت کی گئی،اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ،رکن قومی اسمبلی نبیل گبول، اراکین سندھ اسمبلی یوسف بلوچ اور شازیہ کریم سنگھار، ایڈیشنل چیف سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پرسنل سیکرٹری جنید احمد جیدی، پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے صدر جاوید ناگوری، ٹاؤن چیئرمینز سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے مختلف منصوبوں، جاری ترقیاتی کاموں، فراہمی آب و نکاسی آب کے نظام، غیر قانونی تعمیرات، پانی اور سیوریج کے غیر قانونی کنکشنز سمیت منصوبے کی رفتار میں حائل رکاوٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کے فیز ون کو اگست 2027 تک مکمل کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی مشاورت اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کی رفتار کو مزید تیز کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور جن معاملات کے باعث ترقیاتی کاموں میں سست روی پیدا ہو رہی ہے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری لیاری کو ایک مثالی علاقہ دیکھنا چاہتے ہیںاور لیاری ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ انکی خصوصی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے،ان کی ہدایت کے مطابق لیاری کو سندھ کا رول ماڈل ٹاؤن بنانے کیلئےتمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔