کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ قدرتی حسن، قدیم تہذیب، تاریخی ورثے، صوفی روایات، لوک ثقافت اور مہمان نوازی کا حسین امتزاج ہے، سیاحت کے فروغ سے مقامی معیشت مضبوط اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے،دنیا بھر کے سیاح سندھ آئیں، منفرد حسن اور تہذیب دیکھیں۔حکومت سندھ اسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کیلئے پُرکشش، محفوظ اور عالمی معیار کی سیاحتی منزل بنانے کیلئے پرعزم ہے۔عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ موہن جو دڑو، رنی کوٹ، گورکھ ہل، فیض محل، کارونجھر، تھر، کینجھر و منچھر جھیلیں، مکلی اور چوکنڈی سمیت سندھ میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں، جبکہ کراچی سے کیٹی بندر تک وسیع ساحلی پٹی اور سمندری جزائر بھی سیاحتی سرگرمیوں کیلئے غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے تاریخی و ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے ساتھ مقامی معیشت مضبوط اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ نوجوانوں اور مقامی آبادی کو سیاحتی سرگرمیوں سے جوڑنا معاشی ترقی کا اہم ذریعہ ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے سندھ کے سیاحتی مقامات کی عالمی سطح پر تشہیر کی جائے گی۔