کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کیماڑی کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کی بجائے مسائل کے حوالے کردیا گیا ہے، علاقے میں منشیات کی کھلے عام فروخت نوجوان نسل کیلئے خطرناک ہے، امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہوچکی ہے، علاقے میں سماجی برائیوں کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیماڑی پی ایس 112عوامی رابطہ دفتر کے افتتاح پر خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی ڈویژن کے صدر انور عظیم خان ایڈووکیٹ، ڈسٹرکٹ کیماڑی کے صدر نذیر احمد بلوچ، جنرل سیکرٹری عبدالقوی، پی ایس 113 کے صدر مشتاق، جنرل سیکرٹری اسماعیل، ڈسٹرکٹ ممبر جان محمد سمیت پی ایس 111، پی ایس 113، پی ایس 114 اور پی ایس 115 کے عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔