پاکستان میں سیلاب، حکمراں بیرونی دوروں پر ہیں، سعید مغل

September 27, 2022

برمنگھم (پ ر)سابق مشیر حکومت و ممبر آف برٹش ایمپائر محمد سعید مغل نے اپنے ایک تحریری بیان میںکہا ہے کہ پاکستان میںسیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام مشکل ترین حالات کی زد میں ہیں۔ اس آفت سے کروڑوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں اور ہزاروں بلکہ لاکھوںلوگ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ محمد سعید مغل ایم بی ای نے مزید کہا کہ قیامت خیز سیلاب کے باوجود ہمارے حکمرانوںکو کوئی پرواہ نہیں وہ امریکہ، برطانیہ میں بیٹھ کر ملک کو نقصان پہنچانے والے منصوبوں پر مشاورت کر رہے ہیں اور آئندہ اپنے اقتدار کو طول و مضبوط کرنے کی حکمت عملی کی سوچ بچار کر رہے ہیں اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں کے نیچے دبا ہوا ہے مگر حکمران بیرونی دوروں پر لاکھوں پونڈ کا خرچہ کرکے ملک و قوم کی کیا خدمت کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کا مخصوص ٹولہ لندن بیٹھ کر عہدوں کی تقسیم میں مصروف ہے۔ کسی وزیر نے لندن اعلیٰ آفیشل سے کوئی میٹنگز تک نہیں کی تاکہ ملک کے لئےکوئی بات کی جائے۔ یہ حکمران اپنے آپ کو کیسز سے بچانے کے لئے NRO لینے کےچکروں میں پڑے ہوئے ہیں جس سے عوام کا اعتبار ان پر نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ایک سزا یافتہ شخص کو وزارت کا قلمدن سونپنا ملک و قوم کے ساتھ غداری ہے۔ انہوں نے کہا ان تمام افراد کو سزا ہونی چاہئے جنہوں نے پیسہ ملک سے باہر لے جا کر جمع کروایا اور ملک کو دیوالیہ کے قریب کردیا۔ان لوگوں کا کوئی حق نہیں کہ ملک پر حکمرانی کریں جن کا سرمایہ بیرون ملک ہے۔ سیلاب کے دوران اربوں فنڈز بیرون ملک سے آیا ہے مگر اس کو ٹھیک طرح سے تقسیم نہیں کیاجارہا جس سے عوام سخت پریشان ہیںاور ذمے داروں کو کوئی پوچھنےوالا نہیں۔ نیب زدہ اور سزا یافتہ لوگوں کو NRO دلوانا یادینا بہت بڑاظلم ہے ان سب کو سزائیں دینی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کی خون پسینہ کی کمائی کو چوروں، ڈاکوئوں کے حوالے کرنا ملک دشمنی ہے۔