اوورسیز پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، چوہدری افتخار

September 27, 2022

سلاؤ(اورنگزیب چوہدری ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے الیکشن میں نومنتحب صدر احسن ظفر بختاروی پینل کی کامیابی برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیز بزنس کیمونٹی کیلئے نیک شگون ہے، اوورسیز پاکستانیز نو منتحب صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز احسن ظفر بختاروی اور ان کے دیگر نومنتحب عہدیداران کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید رکھتے ہیں کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اوورسیز میں بسنے والی بزنس کمیونٹی سے مل کر پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کے لیے اپنا مثبت تعمیری کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار لندن کی ممتاز کاروباری شخصیات چوہدری افتخار اور راجہ اظہر خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن ظفر بختاروی سمیت ان کی دیگر ٹیم اچھے باکردار اور باصلاحیت افراد پر مشتمل ہے۔ برطانیہ میں اوورسیز پاکستانی بزنس کمیونٹی پاکستان بالخصوص اسلام آباد میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس بیرونی سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعلقات اور اعتماد کی فضا کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کرے۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بیرونی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مل کر کام کرنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔ چوہدری افتخار سابق صدر چیمبر آف کامرس گجرات اور راجہ اظہر خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ حکمت عملی اپنائے ،اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی معیشت میں نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی ٹیم کو برطانیہ کے دورہ کی دعوت دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی بزنس کمیونٹی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے۔