ارم لاکھانی 4 سال کیلئے اقراء یونیورسٹی کی چانسلر مقرر

September 27, 2022

کراچی(سید محمد عسکری) ارم لاکھانی کو سندھ میں نجی شعبہ کی سب سے بڑی جامعہ اقراء یونیورسٹی کا چانسلر مقرر کردیا گیا ہے ان کی تقرری چار سال کے لئے کئی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن گورنر ہاؤس نے جاری کردیا ہے۔ اقراء یونیورسٹی کے چانسلر کے لئے شیمن ایجوکیشن سوسائٹی نے تین نام گورنر سندھ/ پیٹرن کو ارسال کئے تھے ان تین ناموں میں ارم لاکھانی، نوید لاکھانی اور احسن مراد شامل تھے ۔ایکٹ کے مطابق گورنر سندھ جو اقراءیونیورسٹی کے پیٹرن بھی ہیں تین ناموں میں سے ارم لاکھانی کی بطور چانسلر منظوری دی ارم لاکھانی اس سے قبل بھی اقراء یونیورسٹی کی چانسلر رہ چکی ہیں۔ یاد رہے کہ اقراءیونیورسٹی کے بانی چانسلر حنید لاکھانی کو اپنے انتقال سے محض ایک روز قبل ہی اقراء یونیورسٹی کا دوبارہ چانسلر مقرر کیا گیا تھا ان کا چانسلر کا نوٹیفکیشن گورنر ہائوس نے 7ستمبر کو جاری کیا تھا جب کہ ان کا انتقال 8ستمبر کو ہوا تھا۔ یاد رہے کہ ارم لاکھانی حنید لاکھانی کی ہمشیرہ اور اقراء یونیورسٹی کی کو فائونڈر ہیں ۔