امراض خون میں مبتلا بچوں کیلئے عطیہ خون کیمپوں کا انعقاد

September 27, 2022

پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن ہیماٹالوجی سروسز کے زیراہتمام تھیلی سیمیا، ہیموفیلیا ودیگر امراض خون میں مبتلا بچوں اور مریضوں کو خون و اجزائے خون کی فراہمی کیلئے پشاور شہر کے علاقہ کوہاٹی ، حرا ماڈل سکول اینڈ کالج باڑہ اور اقراءماڈل سکول اینڈ کالج باڑہ میں عطیہ خون کیمپ لگائے گئے،اس دوران عوام اور طلبہ نے درجنوں بیگ خون عطیہ کیا، فرنٹیئر فاؤنڈیشن کی ٹیم جس میں پی آر او نصراللہ، میڈیکل ٹیکنیشن محمد الیاس، عثمان علی اور معاونین منظور احمد اور محمد اکرام شامل تھے کو امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دونوں تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کا تعاون حاصل رہا، دریں اثناءچیئرمین فرنٹیئر فاؤنڈیشن صاحبزادہ محمد حلیم نے خون عطیہ کرنے والے افراد خصوصاً طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بلڈ ڈونرز کی وجہ سے امراض خون میں مبتلا بچوں کی انتقال خون کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے، یہ بلڈ ڈونرز ہمارے ہیروز ہیں جن کا یہ اقدام قابل تقلید ہے۔