مریخ پر 7 ہزار کلو کچرا موجود ہونے کا انکشاف

September 28, 2022

ورجینیا(این این آئی، جنگ نیوز)ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ انسانوں نے مریخ پر قدم رکھے بغیر گزشتہ 50سال میں تقریبا 7000کلو گرام سے زیادہ وزنی کچرا پھیلا دیا ہے، سائنس دانوں کو خدشہ ہے کہ کچرا موجودہ اور مستقبل کے مشنز کو متاثر کرسکتا ہے ۔ امریکا کی ویسٹ ورجینیا یونیورسٹی میں روبوٹکس کے پوسٹ ڈاکٹرل ریسرچ فیلو کیگری کِلِک نے ایک مطالعے میں مریخ پر بھیجے گئے تمام روور اور آربِٹر اور فی الوقت مریخ پر موجود مشنز سے کم ہونے والے وزن کا جائزہ لیا جس کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ ان مشنز کے سبب 7ہزار کلو گرام سے زیادہ کا ملبہ پھیلا۔اس کچرے میں بے کار ہارڈویئر، غیر فعال اور وہ اسپیس کرافٹ جو مریخ کی سطح پر تباہ ہوئے، بالخصوص سویت یونین کا مارس آربیٹر 2جو 1971میں کریش ہوا، شامل ہیں۔ انسان نہ صرف دوسرے سیارے کو آلودہ کررہے ہیں بلکہ سائنس دانوں کو ڈر ہے کے پھیلایا گیا ملبہ ناسا کے پرزیروینس روور کی جانب سے اکٹھا کیے جانے والے نمونوں کو متاثر کرسکتا ہے۔