توہین الیکشن کمیشن، عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم

September 28, 2022

اسلام آباد (این این آئی )توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنرکیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے پیش نہ ہونے پر الیکشن کمیشن نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونا ہوگا۔ بعدازاں کیس کی سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔ عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کیخلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کی۔ عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش نہیں ہوئے، پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے اورکہا کہ الیکشن کمیشن نے 3 شو کاز نوٹس جاری کیے، آپکے شو کاز نوٹس پر ایک سوالیہ نشان ہے، کیس ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے، الیکشن کمیشن نے ہائی کورٹ میں جواب دیا ہے اور آپ بھی کیس میں پارٹی بن گئے ہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کر لیں ، 29 ستمبر کو وہاں سماعت ہے۔