کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر اپنے تحفظات کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے،ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حکومت میں رہنے،وفاقی وزارت چھوڑنےاور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کے سلسلے میں اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد ایم کیو ایم اپنے فیصلے کا علان کرے گی، جمعے کو نئے گورنر سندھ کی تقریب حلف برداری میں بھی ایم کیو ایم کے کسی رہنما نے شرکت نہیں کی ، ایم کیو ایم نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ انہیں شرکت کی دعوت دی گئی تھی یا نہیں، دوسری جانب تاحال ایم کیو ایم سے وفاقی حکومت کی جانب سے بھی ان کے تحفظات پر کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے، دوسری جانب سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ خطے میں جنگی کشیدگی کے باعث ایم کیو ایم فوری طور پر کسی بڑی سیاسی کشیدگی کو ملک کے مفاد میں سود مند تصور نہیں کررہی ہے، ایم کیو ایم کی جانب سے بڑا موقف ہفتے کو سامنے آنے کا امکان ہے،پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ہفتے کو ڈھائی بجے دن فیڈرل بی ایریا میں ایم کیو ایم کے امدادی پروگرام میں میڈیا سے بات چیت کریں گے۔