خیبر پختونخوا کے سیاحتی پراجیکٹس قومی سیاحت کانفرنس میں توجہ کا مرکز

September 28, 2022

پشاور(جنگ نیوز)عالمی یوم سیاحت پر خیبر پختو نخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے فرینڈز آف پیرا پلاجیک کے خصوصی افراد کیلئے قومی سیاحت کانفرنس اور پینٹنگ و فوٹو نمائش میں شرکت کیلئے خصوصی دورے کا انعقاد کیاگیا ۔ یونائیٹڈ نیشنل ورلڈ ٹورازم آرگنائزیشن کی سال 2022کی سیاحت کا خیالیہ (تھیم)ʼʼسیاحت پر نظرثانیʼʼ ہے ۔اس سلسلے میں پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کے زیراہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس اسلام آباد میں قومی سیاحتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس کی مہمان خصوصی ڈائریکٹر اٹالین ایجنسی فار ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (AICS) ایمن ویلا بی نینی (Emanvela Benini) تھی۔ جنہوں نے یونیسکو ورلڈ ہیریٹج سائٹ روہتاس فورٹ پر بنائی گئی۔ پینٹنگ اور ہیریٹج کرافٹ نمائش کا افتتاح کیا۔ ان کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ کانفرنس میں خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ٹورازم انفارمیشن ڈیسک لگایا گیا ہے جس میں سیاحتی مقامات پر انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز پراجیکٹ سمیت دیگر معلومات اور صوبے کی ثقافت کے بارے میں برائوشرز رکھے گئے جبکہ ساتھ ہی ساتھ صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات ، ثقافت ، حسین وادیوں اور ڈسٹرکٹس پر بنائی گئی ویڈیوز ڈاکومنٹریز بھی نشر کی گئیں ۔کانفرنس میں صوبے میں سیاحت کے فروغ، بہتری کیلئے اقدامات ، سیاحوں کو دی جانے والی سہولیات بارے مختلف سیشنز میں تفصیلی بات چیت کی گئی۔جس میں تمام صوبوں کے سیاحت سے وابستہ افراد، سٹیک ہولڈرز اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں جنہوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی پراجیکٹس ،پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے پراجیکٹس، ٹورازم پولیس اور کیمپنگ پاڈزجیسے پراجیکٹس اور اقدامات کو سراہا گیا کانفرنس میں جنرل منیجر انویسٹمنٹ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد عمیر خٹک نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات اور سرمایہ کاری سے متعلق پراجیکٹس پرتفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈبینک کے تعاون سے انٹیگریٹڈ ٹورازم زونزکے پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت لا رہے ہیں جس میں بہترین مینجمنٹ پلان، صفائی ستھرائی کا نظام ، بلڈنگ اسٹرکچر سمیت دیگر تمام چیزوں کو ایک پلان کے تحت ترتیب دیا گیا ہے۔