• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنرKP سےجی ایم واپڈا کی ملاقات، چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے بارے تبادلہ خیال

پشاور(جنگ نیوز)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے واپڈا کے جنرل منیجر نارتھ عالمگیر اعوان اور چیف انجینئر تاج علی نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبہ کے جنوبی اضلاع کے آبپاشی کے اہم منصوبہ چشمہ رائٹ بینک کینال ڈیرہ اسماعیل خان میں پانی کی موجودہ صورتحال، آبپاشی کے نظام اور ڈیرہ اسماعیل خان کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر جنرل منیجر نارتھ نے گورنر کو بتایا کہ اس وقت چشمہ رائٹ بینک کینال میں 4 ہزار کیوسک پانی چھوڑا جا رہا ہے، تاہم اس میں سے تقریباً 900 کیوسک پانی چوری ہو رہا ہے، جس کے باعث نہر کے آخری حصوں تک پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے چشمہ رائٹ بینک کینال میں پانی کی مسلسل قلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا حکام کو ہدایت کی کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے کاشتکاروں کے تحفظات کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس نہر کے ثمرات سے صرف ڈیرہ اسماعیل خان ہی نہیں جنوبی اضلاع مستفید ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ کینال کی بروقت ری ہیبلیٹیشن نہ ہونے کے باعث پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا ہے، جس کا براہِ راست نقصان کسانوں اور زرعی پیداوار کو پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت کے باعث کاشتکار احتجاج پر مجبور ہیں۔
پشاور سے مزید