• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیر فضل حکیم کیخلاف جاری انکوائری کیخلاف درخواست، نیب سے جواب طلب

پشاور (نیوزرپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر فضل حکیم خان کے خلاف آمدن سے زیادہ اثاثے بنانے سے متعلق نیب کی جاری انکوائری کے خلاف دائر درخواست پر نیب سے 14 روز میں جواب طلب کر لیا ہے عدالت نے ریمارکس دئیے کہ انکوائری کو مقررہ مدت (6 ماہ) میں مکمل کیوں نہیں کیا گیا اور ایک سال گزرنے کے باوجود معاملہ اب تک انکوائری کے مرحلے پر کیوں ہے؟کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل دو کنی بنچ نے کی۔ عدالت میں درخواست گزار کے وکیل بشیر وزیر اور عالم خان ایڈووکیٹس جبکہ پراسیکیوٹر نیب ارباب کلیم پیش ہوئے ۔وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنما فضل حکیم خان کو اس وقت امدن سے زیادہ اثاثوں کی تحقیقات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نیب نے مئی 2025 میں ان کے خلاف انکوائری کا آغاز کیا تھا جس کے بعد مبینہ طور پر ان سے صوبائی وزارت کا قلمدان بھی واپس لے لیا گیا تھا۔ درخواست گزار نے نیب کے نوٹس کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ تمام مطلوبہ تفصیلات فراہم کر چکے ہیں۔ عدالت نے نیب کو حکم دیا کہ انکوائری آفیسر کو طلب کر کے متعلقہ دستاویزات پیش کی جائیں اور یہ وضاحت کی جائے کہ قانون کے مطابق 6 ماہ میں مکمل ہونے والی انکوائری ایک سال تک کیوں لٹکی رہی۔ عدالت نے نیب کو 14 دن کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
پشاور سے مزید