جی ٹی روڈ پر غیرقانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی گرفتار

September 30, 2022

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے جی ٹی روڈ پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی جبکہ مختلف علاقوں میں تجاوزات قائم کرنے پر 38افراد کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز ظہور خان کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں نے مختلف علاقوں خوشحال بازار‘ دلہ زاک روڈ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا اس دوران تجاوزات قائم کرنے پر 38افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ صدر کے علاقے میں غیر قانونی طور پر موٹر سائیکلیں نو پارکنگ زون میں کھڑی کرنے پر 28موٹر سائیکلوں کو ٹرمینل میں بند کردیا گیا جن کے مالکان پر جرمانے عائد کردیئے گئے۔ اسی طرح سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے جی ٹی روڈ پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے پر منشی کو گرفتار کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا تاکہ ٹرانسپورٹروں اور مسافروں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بازاروں اور سڑکوں کے کنارے غیر قانونی طور پر موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی جبکہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کو واضح احکامات جاری کئے گئے ہیں کہ جو بھی غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے کا مرتکب ہو گا۔ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے کیونکہ ان عناصر کی وجہ سے شہر میں ٹریفک جام ہوتا ہے اور پشاور میں کسی کو بھی سڑک کنارے پارکنگ سٹینڈ قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔