عمران کا ملکی اداروں پر پھر وار‘ کہا اگر ڈاکو گھر لوٹ رہے ہوں تو کیا چوکیدار کہہ سکتا ہے میں نیوٹرل ہوں

October 01, 2022

پشاور(این این آئی)تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے ملکی اداروں پر ایک بارپھر وارکرتے ہوئے کہاہے کہ اگر ڈاکو ایک گھر کو لوٹ رہے ہوں تو کیا چوکیدار کہہ سکتا ہے کہ میں نیوٹرل ہوں؟۔جمعہ کو پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھاکہ گھر والے کیا کہیں گے‘ میرا گھر لوٹا جارہا ہے اور چوکیدار کہتا ہے میں نیوٹرل ہوں‘پاکستان لوٹا جا رہا ہے، ہمارا ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، وہاں سے کہتے ہیں کہ ہم تو نیوٹرل ہیں۔عمران خان نے کہا کہ جب بھی کوئی کہے کہ میں غیر سیاسی نہیں ہوں تو سمجھ لو کہ اس میں اور جانور میں کوئی فرق نہیں ہے، جانور غیر سیاسی ہوتا ہے‘ملک کے محافظ جو اپنے آپ کو طاقتور بنا کر بیٹھے ہیں وہ کہتے ہیں کہ نیوٹرل ہیں۔