16میونسپل کمیٹیوں کی حالت بدل رہے ہیں، میاں محمود الرشید

October 01, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے ڈسکہ میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت 2 ارب 80 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر پروگرام کے کوآرڈینیٹر محمد اشرف سوہنا بھی موجود تھے۔ میاں محمود الرشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی بنک کے تعاون سے پنجاب کی 16 میونسپل کمیٹیوں کی حالت بدل رہے ہیں۔میونسپل کمیٹیوں کو تاریخ میں کبھی اتنے زیادہ ترقیاتی فنڈز نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں سیوریج، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، سٹریٹ لائٹس اور پارکوں کی تزئین و آرائش شامل ہے جبکہ سالڈ ویسٹ کی گاڑیوں کے لیے نیا عملہ بھی بھرتی ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے پیسے صرف کھائے لیکن ہم نے عوام کی بہبود پر لگائے ہیں۔میاں محمود الرشید نے کہا کہ عمران خان نے سائفر کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے حکومتی سازشیں عمران خان کا بال بیکا نہیں کر سکتیں ۔