کورنگی، فائر بریگیڈ کے دفتر میں فائرنگ، دو ملازمین جاں بحق

October 02, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے فائر بریگیڈ کے دفتر میں داخل ہوکر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو ملازمین جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق عوامی کالونی تھانے کی حدود کورنگی بلال چورنگی پر واقع فائر بریگیڈ کے دفتر میں جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب مسلح ملزمان دیوار پھلانگ کر آئے اور گاڑڈ ڈیوٹی پر موجود شخص کو پکڑ کر اپنے ہمراہ اندر لانے کے بعد اس سے دیگر ملازمین کے بارے میں پوچھا ،اس دوران دوسرا ملزم مزید بندوں کو وہاں لایا جسکے بعد ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 55 سالہ عامر اور40 سالہ محبوب جاں بحق ہوگئے جبکہ 30 سالہ ارشاد زخمی ہوگیا ، ،پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا دہشت گردی اس حوالے سے تفتیش جاری ہےواقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچے اور جاں بحق اور زخمی افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا ، پولیس کے مطابق جب وہاں پہنچے تو ایک ملازم زیشان وہاں پہنچا اور اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ عینی شاہد ہے اور وہ اس واقعے کے دوران اپنی جان بچا کر بھاگ گیا تھا ۔اس نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ رات کو دو ملزمان داخل ہوئے اور انھوں نے اسلحے کے زور پر اسے کنٹرول میں ٹیلی فون آپریٹر کے ساتھ کھڑا کردیا اور دیگر ملازمین کے بارے میں معلوم کیا ،اس نے ملزم کو بتایا کہ دیگر ملازمین دفتر کے عقبی حصے میں سورہے ہیں جس پر ایک ملزم گیا اور واپس آگیا اور بتایا کہ اسے کوئی نہیں ملا جس پر ملزم کا ساتھی گیا اور برآمدے میں سوئے ہوئے دو ملازمین کو کنٹرول روم میں لے کر آگیا ، عینی شاہد کا کہنا تھا کہ برآمدے کے ساتھ بنے کمرے میں دیگر ملازمین بھی سورہے تھے ، کنٹرول روم میں لاتے ہی ملزم نے سب سے پہلے محبوب کے سر پر پستول رکھی اور کلمہ پڑھنے کو کہا ، اسی دوران اس نے فائر کیا تو گولی پھنس گئی ، ملزم نے دوسرا فائر کیا جو محبوب کے سر میں لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ، اسی دوران عامر اور ارشاد فائرنگ کرنے والے ملزم سے گتھم گتھا ہوئے تو ذیشان وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوگیا اور کچھ دیر جھاڑیوں میں چھپا رہنے کے بعد دفتر سے متصل ورکشاپ میں چھپ گیا ،بعدازاں پولیس و رینجرز کے پہنچنے پر وہ باہر آگیا ،دفتر میں موجود دیگر ملازمین جوکہ دفتر کے عقبی حصے میں بنے کمرے میں سورہے تھے انھوں نے بتایا کہ انھیں فائرنگ کی آواز ہی نہیں آئی، زخمی ہونے والا ارشاد ملزمان کے فرار کے بعد بھاگتا ہوا دفتر کے برابر میں واقع پٹرول پمپ پر پہنچا اور وہاں موجود پمپ کے ملازمین کو صورتحال بتائی جس پر انھوں نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن مددگار ون فائیو کو مطلع کیا ، فائر آفیسر ظفر خان کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں ملازمین عرصہ دراز سے محکمے کا حصہ تھے اور قریبی علاقے کے ہی رہائشی تھے ، فائر بریگیڈ کے مذکورہ دفتر کے احاطے میں مسجد بھی قائم ہے جس کے باہر کیمرے لگے ہوئے ہیں لیکن کیمرے کافی عرصے سے خراب ہےہیں ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ زیشان کی مدعیت میں 672/2022انسداد دہشتگردی ایکٹ، دہرے قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی جیو فینسنگ بھی کی جا رہی ہے جبکہ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔