پی این ایس سی میں پرانے جہازوں کی خریداری گلے کی ہڈی بن گئی

October 02, 2022

کراچی (این این آئی) پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی)کی جانب سے 14 سال پرانے جہازوں کی خریداری کا معاملہ گلے کی ہڈی بن گیا۔اس حوالے سے پی این ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ دن قبل لیے گئے مردان جہاز کو سعودی عرب میں تحویل میں لے لیا گیا،سعودی بندرگاہ میں جہاز پمپنگ وال کے بیک مارنے سے ٹرمینل میں شٹ ڈان ہوگیا تھا، ایمرجنسی شٹ ڈان نہ ہوتا تو ہزاروں لیٹر کی لائن پھٹ جاتی۔پی این ایس سی ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنی نے جہاز تحویل میں لے کر ڈیڑھ لاکھ ڈالر طلب کرلیے، انشورنس کمپنی کی یقین دہانی کے دو روز بعد جہاز کو آج ریلیز کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق انشورنس کمپنی مذکورہ نقصان ادا کرے گی، جہاز2روز کھڑا رہنے پر ہزاروں ڈالرز کا جرمانہ عائد ہوگا۔مذکورہ جہاز کی مرمت کرکے اسے سعودی عرب کی بندرگاہ سے روانہ کر دیا گیا ہے، اربوں روپے سےخریدے گئے اس جہاز میں چند ہی دن میں متعدد خرابیاں سامنے آچکی ہیں۔