ٹریفک حادثات، موٹر سائیکل سوار سمیت دو افراد جاں بحق

October 02, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں ٹریفک حادثات میں دوافرادجاں بحق ہوگئے ،تھانہ روات کو قمر عبا س نے بتایا کہ میرا بھائی عامر عباسی چکلالہ سکیم تھری سے گوجرخان جارہا تھا۔ مجھے فون پراطلاع موصول ہوئی کے اس کا تھانہ روات کے قریب ایکسڈنٹ ہوا اور وہ فوت ہو گیا۔ پتہ چلا کہ ڈمپر نمبر ایل پی ٹی 6900 کے نامعلوم ڈرائیور نے میرے بھائی کے موٹر سائیکل کو ٹکر مارتے ہوئے اسے رونددیاجس سے وہ موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔تھانہ سہالہ کو سید اسد علی شاہ نے بتایاکہ سائل اپنے دونوں خالہ زاد بھائیوں نبیل شاہ اور سید نعیم الحسن شاہ کے ہمراہ سڑک کراس کرنے کے لیے بر لب سڑک کھڑاتھا کہ اسی اثناء میں نبیل شاہ اور سید اسدعلی شاہ کے چچا اصغرشاہ اپنے کام سے چھٹی کر کے گھر کی طرف واپس جا رہے تھے ، اچانک روات سائیڈ سے ایک تیزرفتار کا رنمبر 01-2349-ایل ایکس زیڈ جس کو نامعلوم ملزم چلارہا تھا نے تیزرفتاری سے ڈرائیونگ کرتے ہوئے اصغر شاہ کوٹکر ماری جو زخموں کی تا ب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ نامعلوم ملزم موقع سے فرا ر ہو گیا ۔