ہزارہ قوم نے امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے کردار ادا کیا، ایچ ڈی پی

October 02, 2022

کوئٹہ (آن لائن)ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رہنماؤں نے نئی اور نوجوان نسل کو دنیا کے جدید حالات سے باخبر رہنے اور اقوام عالم میں اپنا مقام بنانے کیلئے تعلیم کے حصول کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالات جیسے بھی ہو ں ہمیں اپنے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا ،تعلیم اور علم کی اہمیت اور افادیت کو ہر شخص تک پہنچانے کیلئے ہمارے دانشور،سیاسی رہنماؤں وکارکنوں ،سماجی اور علمی شخصیات کو متحرک ہوکر کردارادا کرنے کی ضرورت ہے، ان خیالات کااظہار چیئر مین وصوبائی وزیر سیاحت وثقافت عبدالخالق ہزارہ،سیکرٹری جنرل احمد علی کوہزاد،نائب چیئر مین عزیز اللہ ہزارہ،ارکان مرکزی کونسل محمد زمان دھقاندزادہ،سیما سحر نے ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے زیر اہتمام ہزارہ قوم کی عالمی یوم یکجہتی کے موقع پر ہزارہ ٹاؤن میں جلسہ سے خطاب میں کیا۔ جلسہ میں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ ایچ ڈی پی کے مثبت سیاسی کردار کی بدولت صوبے میں آباد اقوام کے درمیان بھائی چارےاور رواداری کو فروغ حاصل ہورہا ہے صوبے سے ہر طرح کی انتہاء پسندانہ سوچ کا خاتمہ اور برداشت وتحمل کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے،چیئر مین ایچ ڈی پی نے کہا کہ ان حالات میں جب قوم مشکل حالات کا سامنا کررہی تھی ہمیں بد ترین دہشتگردی کا سامنا تھا نوجوان نسل کو اپنے اور اپنے آقاؤں کے مفادات کیلئے استعمال کرنے کے سازشوں میں مصروف رہے اور آج بھی وہ اس کردار پر عمل پیرا ہیں ہماری نوجوان نسل کو اپنے اور اپنے آقاؤں کے مفادات کیلئے استعمال کرکے ہمارے معاشرے کو مذہبی انتہاء پسندی کی طرف لے جانے کی کوششیں کررہے ہیں ، پارٹی رہنماؤں نے افغانستان میں جاری ہزارہ قوم کی نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ نوجوانوں کو قابلیت،اہلیت اور صلاحیت سے خائف مذہبی انتہاء پسندوں نے پورے افغانستان کو ہزارہ قوم کے قتل گاہ میں تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، گزشتہ روز تعلیمی ادارے پر حملے کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کے نتیجے میں 100سے زائد طالبات کو شہید اور سینکڑوں طالبات کو زخمی کر کے انسانیت کے دشمنوں نے ثابت کیا کہ ان کی نظروں میں خواتین پر حملہ نہ صرف جائز ہے بلکہ اپنے اس عمل کے ذریعے انہوں نے دنیا کو دہشت وبربریت کا ایک واضح پیغام دیا ۔سیکرٹری اطلاعات ورکن اسمبلی قادر علی نائل نے ڈنمارک،نائب چیئر مین اول مرزاحسین ہزارہ نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں تقریبات منعقد کی اس موقع پر امریکہ،یورپ کے مختلف شہروں،آسٹریلیا، کینیڈیا، پاکستان کے کئی شہروں میں ہزارہ قوم کے مختلف اداروں کے زیر اہتمام تقریبات کا اہتمام کیا اور کابل کے شہداء کی یاد منا کر ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی ار شہداء کے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا مانگی گئی۔