میچ کے بعد مشتعل تماشائیوں کی پاکستانی کھلاڑیوں کیخلاف نعرے بازی

October 04, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) لاہور میں انگلینڈ کے خلاف ساتویں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کے بعد مشتعل تماشائیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی کی۔تماشائی کچھ کرکٹرز کی کارکردگی سے ناراض تھے۔پاکستانی اوپنر امام الحق نے کرکٹ شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ کھلاڑیوں پر آوازیں نہ کسیں۔پاکستانی ٹیم کی پوری بیٹنگ لائن ناکامی سے دوچار ہوئی لیکن سب سے زیادہ تنقید کا سامنا خوشدل شاہ کو کرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید تو اپنی جگہ لیکن اس سے قبل ہی خوشدل شاہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں بعض تماشائیوں کے طنزیہ فقروں کا سامنا کرنا پڑا جو ان کی پرفارمنس پر ناخوش تھے۔سوشل میڈیا پر کچھ اس طرح کی وڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں خوشدل شاہ آؤٹ ہو کر واپس آ رہے ہیں اور تماشائی پرچی پرچی کی آوازیں بلند کر رہےہیں ۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر امام الحق نے ایک ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ آوازیں کسنے سے کھلاڑیوں کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے۔