• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، ہاکی ٹیم جیت کے ٹریک سے اترگئی، اسکواش میں برانز میڈلز، شجر سیمی فائنل میں

فناگویا (نصر اقبال،نمائندہ خصوصی) ہاکی ٹیم جیت کے ٹریک سے اتر گئی، اسکواش میں برانز میڈلز، شجر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ ہاکی میں مسلسل تین فتوحات کے بعدقومی ٹیم کو ملائیشیا نے شکست سے دوچار کر دیا،پاکستان کے تمغوں کی تعداد 4ہوگئی۔میڈلز کی دوڈ میں چین کی سبقت برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایشن گیمز میں اسکواش کے دو برانز میڈلز کے بعد پاکستان کے تمغوں کی تعداد چار ہوگئی ہے، ہفتے کو پاکستان کے لئے میڈلز کے باوجود مایوس کن دن رہا، ہاکی میں مسلسل تین فتوحات کے بعدقومی ٹیم کو ملائیشیا نے جیت کے ٹریک سے اتار دیا،پاکستان کے شجر عباس نے 200 میٹر ریس کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا شجر عباس نے مقررہ فاصلہ 21.23سیکنڈ میں طے کیا، جہاں ان کا مقابلہ اتوار کو ہوگا، اسکواش ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے دونوں کھلاڑی اپنے میچز ہار گئے۔ پاکستان کے اشعب عرفان اور بھارت کے ابھے سنگھ کے درمیان کھیلے گئے سیمی فائنل میں بھارتی کھلاڑی نے اسٹریٹ گیمز سے کامیابی حاصل کی۔دوسرا سیمی فائنل ملائیشیا کے ایئن یاو اور پاکستان کے نور زمان کے درمیان ہوا جو یکطرفہ ثابت ہوا، ملائیشیا کے کھلاڑی نے 11-7، 11-2 اور 11-4 سے کامیابی حاصل کی۔ ہاکی ایونٹ میں ملائیشیا نے پاکستان کو شکست دے دی۔ ایشین گیمز کے ہاکی ایونٹ میں گروپ بی کا میچ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ہوا ۔ ملائیشیا نے آخری 5 منٹ میں 2 گول کرکے پاکستان کو 4 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے دی۔باکسنگ رنگ میں پاکستان کے دو مرد اور دو خواتین باکسرز ابتدائی رائونڈ میں شکست کے بعد مقابلوں سے باہر ہوگئے،بیڈ منٹن میں ماہور شہزاد دوسرے رائونڈ میں انڈونیشیا کی پوتریکوسوما سے شکست کھاگئی،سیلنگ میں بھی پاکستانی ٹیم کی کار کردگی بہت زیادہ اچھی نہیں رہی،پاکستانی والی بال ٹیم اتوار سے اپنی مہم کا آگاز کرے گی۔

اسپورٹس سے مزید