ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور نوجوان جاں بحق

October 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بفرزون میں لوٹ مار کے دوران ملزمان نے ایک نوجوان کو قتل کردیا ، شہر میں جگہ جگہ اسنیپ چیکنگ بھی شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کر پارہی، تفصیلات کے مطابق شاہراہ نور جہاں تھانے کی حدود شادمان ٹاؤن زین العابدین امام بارگاہ کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر نوجوان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولی اسکے سینے پر لگی اور اسکی موقع پر موت واقع ہوگئی ۔ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،مقتول کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ۔مقتول کی شناخت20سالہ اسامہ ایوب کے نام سے ہوئی جو اسی علاقے کا رہنے والا تھا۔ اسپتال میں مقتول کے لواحقین اور علاقہ مکین بڑی تعداد میں پہنچے۔ واقعہ سے چند گھنٹہ قبل ہی ضلع سنٹرل پولیس کے ترجمان کی جانب سے ضلع سنٹرل کے حساس مقامت پر سخت اسنیپ چیکنگ کا پیٖام چلایا تھا تاہم اسکے برعکس ملزمان کھلے عام متعدد شہریوں کو لوٹنے کے بعد مزاحمت پر ایک نوجوان کو قتل کر کے فرار ہوگئے ۔ سولجر بازار تھانے کی حدود نشتر پارک کے قریب لوت مار کے دوران مزاحمت پر ملزموں کی فائرنگ سے ایک راہگیر حسین رضا ولد خادم رضا زخمی ہوگیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔منگھوپیر تھانے کی حدود منگھوپیر واٹر بورڈ کالونی میں زاتی جھگڑے کےد وران فائرنگ سے طلحٰہ ولد طاہر زخمی ہوگیا جسے عباسی اسپتال منقتل کیا گیا۔