لیاری، نشے کے عادی ناخلف بیٹے نے جھگڑے کے دوران گلا دبا کر ماں کو قتل کر دیا

October 04, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)لیاری نیا آباد میں ناخلف بیٹے نے جھگڑے کے دوران گلا دبا کر اپنی ماں کو قتل کردیا ۔ پولیس نے بیٹے کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق کلری تھانے کی حدود لیاری نیا آباد گلی نمبر 11میں گھر کے اندر جھگڑے کے دوران ملزم شہزاد نے اپنی ماں 65سالہ گلشن بانو زوجہ نور محمد کا گلہ دبایا جس سے وہ چل بسیں ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او راؤ شبیر کے مطابق ملزم ماں سے پیسے مانگ رہا تھا اور اسی پر انکے درمیان جھگڑا ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نشے کا عادی ہے اور اکثر ماں سے نشے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کرتا تھااور اسی طرح پیر کی شب بھی پیسے مانگنے پر جھگڑا ہوا اور اس میں اسکی والدہ چل بسیں ۔ ملزم کو تھانے منتقل کردیا گیا اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔