آزاد کشمیر اسمبلی اجلاس، وزیر قانون نے فاروق حیدر کو مائیک دے مارا، ارکان دست و گریبان

October 04, 2022

مظفرآباد(صباح نیوز) اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلایا گیا آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز اس وقت بدمزگی کا شکار ہوگیا جب تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر قانون آزاد کشمیر سردار فاروق ربانی نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر پر مائیک دے مارا۔ اس واقعے کے بعد ایوان مچھلی منڈی بن گیا واقعہ کے بعد اپوزیشن اور حکومتی ممبران آپس میں دست و گریباں ہوگئے اسپیکر نے اجلاس منگل دن 11بجے تک ملتوی کردیا، وزیراعظم تنویر الیاس نے فوری طور پر راجہ فاروق حیدر خان سے واقعہ پر معذرت کرلی ،فاروقربانی کے مائیک سے حملے کے ساتھ ہی کارکنان بھی گیلریوں سے چھلانگیں لگا کر ایوان میں آگئے، لطیف اکبر صورتحال پر آبدیدہ ہوگئے ،ڈی سی کی نگرانی میں بھاری نفری اسمبلی کے باہر پہنچ گئی ، کسی شخص کی گرفتاری نہ ہو سکی، اجلاس ملتوی، اپوزیشن کا احتجاج کا عندیہ۔