میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

October 04, 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کے زیراہتمام ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پیر کو چھٹے روز بھی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، اس موقع پر مظاہرے کے شرکاء نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حضرت خان ،لالہ منظور احمد ، تنویر اسلم ، حبیب الرحمنٰ بازئی ، علی نواز رئیسانی ،نصیب اللہ کاکڑ ، بشیر احمد و دیگر نے کہا کہ تین ماہ سے ملازمین کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں جبکہ ایک سال سے گریجوٹی اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بند ہیں ، انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین گزشتہ ایک سال سے فنڈز کے اجرا کیلئے سراپا احتجاج ہیں حکومت کی جانب سے وعدوں کے باجود میٹرو پولیٹن کی گرانٹ جاری نہیں کی جارہی ہے، ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث مالی مشکلات کا سامنا ہے ، کارپوریشن میں خالی اسامیوں پر لواحقین کے بچوں کو تعینات نہیں کیا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہیں ، گریجوٹی اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن جلد ادااور دیگر مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو احتجاج کو وسعت کودینے پر مجبور ہوجائیں گے،انہوں نے کہا کہ ملازمین کے حقوق کے لئے جدوجہد سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔