موسم سرما میں گیس کی قلت سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوگی، انرجی ریگولیٹر

October 05, 2022

لندن ( نمائندہ جنگ)برطانیہ کے انرجی ریگولیٹر نے خبردار کیا ہے کہ اس موسم سرما میں گیس کی قلت کا بڑا خطرہ ہے،انرجی ریگولیٹر کے مطابق گیس کی قلت بجلی کی فراہمی کو متاثر کر سکتی ہے،آفجیم نے کہا کہ یوکرین، روس جنگ کی وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ برطانیہ ’’گیس سپلائی ایمرجنسی‘‘ میں داخل ہو سکتا ہے،ان پاور اسٹیشنز کو سپلائی بند ہو جائے گی جو بجلی پیدا کرنے کیلئے گیس کا استعمال کرتے ہیںگیس سے چلنے والے پاور اسٹیشن برطانیہ کی 40سے 60فیصد بجلی پیدا کرتے ہیں۔ توانائی کے آزاد تجزیہ کار ڈیوڈ کاکس نے کہا کہ برطانیہ اس موسم سرما میں انتہائی خطرناک صورتحال کی طرف بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اس موسم سرما میں یورپ میں اسٹوریج سائٹس سے گیس درآمد کرنے کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا،محکمہ برائے کاروبار، توانائی اور صنعتی حکمت عملی کے ترجمان نے کہا کہ برطانیہ کے پاس ایک محفوظ اور متنوع توانائی کا نظام ہے اور حکومت کو یقین ہے کہ وہ جو اقدامات اٹھا رہی ہے اس سے بجلی اور گیس کی سپلائی کی حفاظت ہوگی۔