ہائیکورٹ، لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز پلاٹس پر قبضہ، کے ایم سی حکام سے جواب طلب

October 06, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لانڈھی کاٹیج انڈسٹریز کے 2300 پلاٹس پر قبضے سے متعلق درخواست پر کے ایم سی حکام کو جامع جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ زمین کی قیمت کی تلافی رقم کی واپسی سے نہیں مارکیٹ ویلیو سے کی جائے، 1993 میں زمین الاٹ کی گئی تھی لیکن تاحال قبضہ نہیں دیا گیا، ہمیں الاٹ کی گئی زمین سے اسکا تعلق نہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے، پلاٹس کے تنازعے سے متعلق کیا حل تلاش کیا گیا، سندھ حکومت کے وکیل نے کہا کہ معاملہ کے ایم سی اور درخواست گزاران کے مابین ہے،علاوہ ازیں سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے گلشن جمال میں پلاٹ کا پرپوزل پلان منظور نہ کرنے سے متعلق درخواست پر پاکستان ریلوے کو براہ راست فریق بنانے کی ہدایت کردی، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ریلوے کوآپریٹو نے پلاٹ الاٹ کیا مگر کنٹونمنٹ بورڈ فیصل پرپوزل پلان منظور نہیں کر رہا، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ پاکستان ریلوے اراضی پر فیصلہ دے چکی، آپ نے پاکستان ریلوے کو فریق کیوں نہیں بنایا؟ پاکستان ریلوے کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی کیا حیثیت ہے۔