کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلفٹن بلاک 7 سروس روڈ کے قریب نجی کمپنی کے عملے سے مسلح ملزمان اسلحے کے زورپر61لاکھ روپے لوٹ کرفرارہوگئے،پولیس نے جائے واردات سے شواہداکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کوبھی موقع پرطلب کرلیا، پولیس نے بتایا ہے کہ پاک ٹاور میں واقع نجی کمپنی کا ملازم کلفٹن بلاک7 میں بینک سے 61 لاکھ روپے نکلوا کرواپس پاک ٹاورجا ر ہے تھے کہ راستے میں 2 موٹرسائیکلوں سوار4 مسلح ملزمان اسلحے کے زورپرملازمین سے رقم چھین کر فرار ہوگئے، 2 ملازم بینک سے رقم لینے کے لیے گاڑی کے بجائے موٹرسائیکل پر گئے تھے اورجیسے ہی ملازم بینک سے رقم نکلواکرواپس کمپنی جانے لگے توان کی موٹرسائیکل کا ٹائرپنکچرہوگیا ، جس ملازم کے پاس رقم تھی وہ واپس بینک چلا گیاجبکہ دوسرا ملازم موٹر سائیکل کا پنکچرلگانے کے لیے روانہ ہوگیا ،ملازم موٹر سائیکل کا پنکچرلگوا کردوبارہ بینک پہنچا اور ساتھی کولیکر واپس اپنی کمپنی جا رہا تھا کہ راستے میں موٹرسائیکل سوارملزمان اسلحے کے زورپررقم چھین کر فرارہوگئے، پولیس نے نجی کمپنی کے ملازموں کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں،دریں اثنا پولیس کی جانب سے رمضان المبارک میں خصوصی طورپر بینکوں کے باہرپولیس کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ہے اورپولیس نے تمام بینک کی برانچوں کے مینجروں کو پانبد بھی کیا ہے کہ اگرکوئی بڑی رقم کی منتقلی ہوتوپہلے پولیس کوآگاہ کیا جائے لیکن بینک کی برانچوں کے مینجروں کی جانب سے پولیس کواطلاع نہیں دی گئی ۔