کے الیکٹرک ملازمین کی بڑی تعداد میں ملازمتیں ختم کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے، امتیاز شیخ

October 06, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)کے الیکٹرک ملازمین کی ملازمتیں ختم کرنے کا فوری نوٹس لیا جائے، ایک طرف سندھ سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے دوسری جانب صوبے کے محنت کشوں کو کے الیکٹرک بے روزگار کررہی ہے ۔وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر خان کو سندھ کے وزیرِ توانائی امتیاز احمد شیخ کا خط ، تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان کے نام خط میں کے الیکٹرک کے محنت کشوں اور ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کے عمل پر فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ملازمین بالخصوص سندھ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کی نوکریاں بغیر کسی وجہ کے ختم کرنے یا ان سے زبردستی استعفیٰ لئے جانے کا نوٹس لیا جائے اور ملازمین کی جائز تکالیف کے فوری ازالے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔دریں اثناترجمان کےالیکٹرک نے اپنا موقف بتاتے ہوئے کہا مساوی ملازمت کا حامی ادارہ ہونے کے ناتے کےالیکٹرک اپنے دس ہزار سے زائد ملازمین کے لیے ایک محفوظ اور مثبت ماحول برقرار رکھنے کے لیے پر عزم ہے ہمارے کمپنی کوڈ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ زبان یا گروہ پر مبنی کسی قسم کا امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے ہمارے ریکارڈ کے مطابق کےالیکٹرک کی ملازمت میں کوئی غیر معمولی کمی نظر نہیں آئی ہے ہم وزارتِ توانائی سے تفصیلات کے لیے رابطہ کر رہے ہیں اور اس موضوع پر وزارتِ توانائی کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے۔