حکومت صحابہ ؓکی شان میں گستاخیوں کا نوٹس لے، سنی علماء کونسل

October 07, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) سنی علماء کونسل پاکستان نے کہا ہے کہ مولانا اعظم طارق نڈر، بےباک عظیم قومی و مذہبی رہنما تھے ان کی مذہبی، سیاسی، سماجی، پارلیمانی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،حکومت صحابہ کرامؓ کی شان میں ہونے والی گستاخیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور مؤثر قانون سازی کرے۔ٹرانس جینڈر ایکٹ واپس لیا جائے۔اہلسنت کے لاپتہ ذمہ داران و کارکنان بالخصوص شفیق معاویہ اور مولانا عالم طارق کو فوری بازیاب کرایا جائے۔ سنی علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی، مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی، ایم پی اے جھنگ مولانا معاویہ اعظم،علامہ مسعود الرحمٰن عثمانی و دیگر علماء و سیاسی عمائدین نے جمعرات کو ہاکی گراؤنڈ آبپارہ میں منعقدہ انیسویں شہدائے اسلام و استحکام پاکستان کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توہین صحابہ کے مرتکب دین اسلام میں انتشار پیدا کرتے ہیں، علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ حکومت ناموس صحابہؓ کے تحفظ کے لیے سزائے موت کی قانون سازی کا وعدہ جلد پورا کرے۔ مولانا محمد معاویہ اعظم طارق نے کہا کہ انیس سال ہو گئے ہیں کہ اگر حکومت ناموس صحابہؓ کے تحفظ کے لیے قانون سازی کر دے تو ہم اسی کو مولانا اعظم طارق کےخون کا بدلہ سمجھ لیں گے۔کانفرنس سےمولانا عبدالخالق رحمانی،مفتی عبدالوحید جلالی، علامہ اشرف طاہر، علامہ عطاء محمد دیشانی، مولانا شیخ تصدق،مولانا ربنواز حنفی،مولانا اشرف علی،عبداللہ گل،اجمل بلوچ نے بھی خطاب کیا۔