میسی ارجنٹینا کی بطور فیورٹ حیثیت بحال کرنے کیلئے پرامید

November 26, 2022

دوحا (اسپورٹس ڈیسک) ارجنٹائن کو امید ہے کہ وہ سعودی عرب کے خلاف ہزیمت آمیز شکست کے اثر سے جلد نکل جائے گا اور گروپ سی میں میکسیکو کے خلاف فتح کے ساتھ بطور فیورٹ اپنی حیثیت بحال کر لے گا۔ ورلڈکپ کا آغاز کپتان اور ٹاپ اسکورر لیونل میسی نے پہلی اور آخری بار عالمی چیمپئن بننے کی توقعات کے ساتھ کیا تھا۔ لیکن سعودی عرب کے ہاتھوں 2-1سے شکست کی صورت میں ورلڈ کپ تاریخ کے سب سے بڑے اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ میسی پانچواں ورلڈکپ کھیل رہے ہیں۔ وہ کہہ چکے ہیں یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہے، یعنی ورلڈکپ جیتنے کا آخری موقع۔ میسی کہتے ہیں کہ یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم غلطیوں کو درست کریں اور بنیادی باتوں پر واپس جائیں۔ ہمارے پاس دو آپشنز ہیں، فتح یا فتح۔ خیال رہے کہ ارجنٹائن کو ٹریننگ میں آف سائیڈ مسئلے کا حل تلاش کرنا ہوگا کیونکہ سعودی عرب کے خلاف ان کے تین گول کھلاڑیوں کے آف سائیڈ ہونے کے سبب ضائع ہوگئے تھے۔