ناگویا ( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) پاکستان اسپورٹس بورڈ اور اولمپکس ایسوسی ایشن میں ہم آہنگی کے فقدان نے ایشین گیمز میں پاکستانی دستے کو مذاق بنا دیا ۔ کئی کھلاڑیوں کو تیسرے روز بھی ٹریک سوٹ نہ مل سکے۔ شوز لاہور میں ہی رہ گئے تھے، جو منگل کو ناگویا پہنچیں گے۔ پی ایس بی نے 234 رکنی دستے کو گیمز میں شرکت کی اجازت دی، 93 ایتھلیٹس اور آفیشلز کو اسپانسر شپ اور ٹریک سوٹ دیے ، سیلف فنانس پر گیمز میں شرکت کرنے والے باقی 158 ایتھلیٹس اور آفیشلز کو ٹریک سوٹ ان کی فیڈریشنز نے فراہم کرنا تھے ۔ خود اخراجات اٹھانے والوں نے افتتاحی تقریب میں قومی لباس پہنا اس کیلئے بھی 35 ہزار روپے ادا کئے۔ اس بارے میں متعلقہ فیڈریشنوں کا موقف ہے کہ ہم نے پی ایس بی کو ٹریک سوٹس کی رقم دینےکی پیشکش کی تھی مگر ہماری بات نہیں سنی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید اور دستے کی سربراہ فاطمہ لاکھانی نے ذاتی طور پر ٹریک سوٹ فراہم کئے ، البتہ تیاری میں تاخیر ہوگئی ۔پی ایس بی کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات سے فیڈریشن اور پی اواے کو آگاہ کردیا تھا۔ حیرت انگیز طور پر مارشل آرٹس کے برانز میڈلسٹ عاصم خان کو بھی سیمی فائنل مقابلے سے قبل ٹریک سوٹ دیا گیا۔