ناگویا( نصر اقبال/ نمائندہ خصوصی) ایشین گیمز میں پاکستان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں برانز میڈل کے ساتھ میڈل ٹیبل پر جگہ حاصل کرلی۔ عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں برانز میڈل جیت لیا، جو منگل کو انہیں دیا جائے گا، پیر کو مکس مارشل آرٹس ایونٹ میں عاصم خان کو 60 کے جی کے سیمی فائنل میں دو بار کے عالمی چیمپئن مرزوبیک عمروف سے0-3 کی شکست کھاگئے ۔ البتہ سیمی فائنل میں رسائی کی بنیاد پر برانز میڈل کے حقدار بنے ۔ ادھر چین کی 13 سالہ تیراک یو زیڈی نے خواتین کے 200 میٹر بٹر فلائی مقابلے میں سونے کا تمغہ جیت لیا اور گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔ زیڈی نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ 05.08 سیکنڈز میں طے کیا۔ انہوں نے ہم وطن چانگ موہان کو تین سیکنڈ سے زائد کے فرق سے پیچھے چھوڑا جبکہ جاپان کی میسا اوکوزونو نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ یو زیڈی گزشتہ سال صرف 12 برس کی عمر میں سنگاپور میں ورلڈ چیمپئن شپ میں تاریخ کی کم عمر ترین میڈلسٹ بنی تھیں ۔میڈلز کی دوڑ میں چین کی سبقت برقراررہی، اس نے سونے کے23، دس چاندی اورپانچ کانسی کے تمغے جیت لئے۔ میزبان جاپان دوسرے اور جنوبی کوریا تیسرے نمبر پر ہے۔ دریں اثنا مکس مارشل آرٹس مقابلے کے بعد قوانین کے مطابق عاصم خان کا ڈوپ ٹیسٹ کیلئے سیمپل لیا گیا۔ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے عاصم خان نے جنگ کو بتایا کہ وہ فیملی کے ساتھ کراچی میں رہتے ہیں، واپڈا میں ملازمت کرتے ہیں ۔دریں اثنا گیمز میں پیر کو پاکستانی کھلاڑیوں کی کبڈی کے علاوہ تمام ایونٹ میں کار کردگی مایوس کن رہی۔ پاکستانی کبڈی ٹیم نے اپنے پہلے پول میچ ملائیشیا کو ہرادیا۔ جیت کے بعد کھلاڑیوں نے بھنگڑا ڈالا جس سے اسٹیڈیم میں موجود تماشائی بھر پور لطف اندوز ہوئے۔ سافٹ ٹینس میں پاکستانی کھلاڑی تمام مقابلوں میں شرم ناک ناکامی سے دوچار ہوئے، مکسڈ ڈبلز میں کوریا، فلپائن، انڈونیشیا اور چائینز تائپے سے یکطرفہ5-0 سے مات کھائی۔ ٹیبل ٹینس میں بھی شرکت رسمی ثابت ہوئی۔ ٹیم راؤنڈ میں خواتین ٹیم کو بھارت نے 3- 0 جبکہ ڈبلز میں کوریا نے زیر کیا۔ مردوں کی ٹیم کو بھی ٹیم ایونٹ میں بھارت کے سامنے عبرت ناک شکست کا سامنا رہا۔ سوئمنگ کی50میٹرز فری اسٹائل میں حمزہ آصف ناکام رہے ۔ ٹرائی تھلون میں شریک پاکستانی ایتھلیٹس ریس مکمل نہ کرسکے۔ مرد و خاتون اتھلیٹ ڈوبتے ڈوبتے بمشکل بچیں ایک اتھلیٹ سائیکل چلاتے ہی ہمت ہار گیا۔ ٹرائی تھلون مکس ریلے میں پاکستان نے 14 ویں پوزیشن حاصل کی ،ٹرائی تھلون اینٹ کے لئے چار اتھلیٹس سیلف فنانس کی بنیاد پر منتخب ہوئے ہیں۔ مردوں کے سوئمنگ ایونٹ میں علی حسن نے حصہ لیا سائیکلنگ مرحلہ مکمل نہ کر کے باعث موحد لون رننگ مرحلے کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے۔ ٹرائی تھلون مکس ریلے میں نشاء، ثناء عارف، محمد نور اور علی حسن نے 14 پوزیشن حاصل کرلی۔