پولیس اہلکار کے قاتل کو سوئیڈن سے واپس لانے کی کوششیں

November 26, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل کے بعد ملزم کے بیرون ملک فرارہونے پر اسکی گرفتاری کے سلسلسے میں ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایف آئی اے اور پولیس چیف کو خطوط لکھ دیے ۔ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے دو خط ایف آئی اے حکام جبکہ تیسرا کراچی پولیس چیف کو لکھا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی جانب سے لکھے گئے خطوط میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے زون ون اور امیگریشن حکام کو خط میں ملزم کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی تفصیلات شامل کی گئی ہیں اور ایف آئی اے سے ملزم کی ٹریول ہسٹری طلب کی گئی ہے،دوسرے خط میں ریکارڈ پی این آئی ایل سسٹم میں اندراج کی درخواست کی گئی ہے جبکہ کراچی پولیس چیف کو لکھے گئے خط میں محکمہ خارجہ کے ذریعے سوئیڈش قونصل خانے سے رجوع کرنے کی استدعا کی گئی ہے ۔ پولیس اہلکار کو چند دنوں قبل ڈیفنس میں سابق ڈپٹی کمشنر کے بیٹے نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا اور واردات کے کچھ گھنٹوں بعد ہی ہی وہ بیرون ملک فرار ہوگیا۔ پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملزم کی تفصیلات ایف آئی اے کو ارسال کردی گئی تھیں تاہم اسکے باوجود ملزم کو نہیں روکا گیا جبکہ ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ایف آئی اے کو اگلے روز دوپہر میں اطلاع دی گئی،ملزم کے حوالے سے اس کے گھر والوں نے لا تعلقی کا اعلان کیا تھا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نشے کا عادی تھا۔ شہید اہلکار عبدالرحمن کے ورثاء کی جانب سے بھی پولیس کی تفتیش پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا اور اعلیٰ حکام سے اس میں تیزی کی اپیل کی گئی تھی ۔واضح رہے کہ جاں بحق اہلکار کیساتھ موجود دوسرے پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ کار میں لڑکی بھی موجود تھی تاہم کئی روز گزر جانے کے باوجود نہ ہی لڑکی کا سراغ لگایا جاسکا ہے اور نہ ہی یہ معلوم کیا جاسکا ہے کہ وہ لڑکی کب اسکے ساتھ آئی تھی اور اسے کہاں سے اس نے کار میں بٹھایا تھا اس سلسلے میں پولیس کی تفتیش جاری ہے ۔