راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہے کہ خدارا قوم، ملک اور جمہوریت کا سوچیں ،ملک کو بہتری کی جانب لے جانا سب کا فرض ہے،سب اپنا کردار ادا کریں ، یہ ملک المیے کا متحمل نہیں ہو سکتا جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہاہے کہ عمران خان کی صحت اور رہائی ہر بات سے آگے ہے،پاکستان کی سالمیت اور بقاء ہمارے لیے اہم ترین ہے،منگل کو اڈیالہ جیل کے قریب ماربل فیکٹری ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقاتوں کو روکنا ایک مجرمانہ فعل ہے،دروازے اور ملاقاتیں بند کرکے یہ سوچنا کہ حالات بہتر ہو جائیں گے، یہ غلط فہمی میں مبتلا ہیں دروازے کھولو، ملاقاتیں کرواؤ،اس سے روشنی آئے گی ماحول ٹھنڈا ہوگااور بہتری آئے گی، اسی طرح صورت حال رہی تو مشکل حالات المیہ کی طرف جانے کا سبب بن سکتا ہے جو کسی صورت نہیں ہونا چاہئے۔