• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمجھوتہ ایکسپریس کی گیارہ بوگیاں 7 برس سے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر موجود

لاہور (خالد محمود خالد) پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی ٹرین سمجھوتہ ایکسپریس کو بند ہوئے تقریبا سات سال ہوچکے ہیں تاہم آخریٹرین جو بھارت سے 8 اگست 2019 کو واہگہ پہنچی تھی، اس آخری ٹرین کی گیارہ بوگیاں اب بھی لاہور کے قریب واہگہ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔ واہگہ ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن انچارج نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد 5؍ اگست 2019ء کو جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تو پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس کو فوری طور پر بند کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں اس وقت بھارتی ٹرین کی گیارہ بوگیاں واہگہ ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ہیں دوسری طرف پاکستانی مال گاڑی کی 16بوگیاں بھارت میں رہ گئیں جو اب بھی بھارت کے شہر اٹاری ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں اور بھارت ان کو پاکستان پہنچانے کے لئے کوئی انتظامات نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بوگیوں کے حوالے سے پاکستان متعدد بار بھارت کو یہ پیغام بھیج چکا ہے کہ ان بوگیوں کو دھکیل کر بھارتی علاقے میں پہنچا دیا جائے گا اور بھارت اپنے انجن کے ساتھ بوگیوں کو واپس لے لے لیکن بھارت کی یہ ضد ہے کہ معاہدے کے مطابق پاکستان ریلویز اپنے انجن کے ساتھ بھارتی بوگیوں کو بھارت پہنچائے۔
اہم خبریں سے مزید