اسلام آباد(مہتاب حیدر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کی اینٹی بے نامی انیشیٹو نے بے نامی جائیدادوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران تقریباً 6 کروڑ روپے مالیت کے تین غیر منقولہ پلاٹس ضبط کر لیے ہیں۔ ہاؤسنگ سوسائٹی نے یہ پلاٹس ایسے افراد کے نام پر رکھے جو جائیداد کیلیے مالی حیثیت ثابت نہیں کر سکتے، تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کے اینٹی بے نامی انیشیٹو (ABI) زون-I اسلام آباد نے غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کیں۔ ایف بی آر کو اطلاع ملی کہ کچھ پلاٹس بے نامی افراد کے نام پر ہیں، اور مبینہ طور پر ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ نے یہ پلاٹس ایسے افراد کے نام پر رکھے تھے جو لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد کے مالک ہونے کی مالی حیثیت ثابت نہیں کر سکتے تھے۔نوٹسز جاری کیے گئے، تاہم جب ان سے اس مہنگی جائیداد کی خریداری کے لیے اپنی مالی استطاعت ثابت کرنے کو کہا گیا تو وہ کوئی ثبوت پیش نہ کر سکے۔بے نامی زون-I اسلام آباد نے اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے اسلام آباد میں تین جائیدادوں پر قبضہ حاصل کیا، جن میں ایک سوسائٹی بلاک H میں واقع پلاٹ نمبر 238 (کارنر) جس کا رقبہ 520 مربع گز ہے، پلاٹ نمبر 495 (کارنر) جس کا رقبہ 600 مربع گز ہے، اور پلاٹ نمبر 515 (کارنر) جس کا رقبہ 600 مربع گز ہے۔