سوشل میڈیا انفلوئنسز حکومت کیخلاف اطلاعات کے تدارک میں کردار ادا کریں، بیرسٹر سیف

November 26, 2022

پشاور(این این آئی)وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز خیبر پختونخوا،سیاست سے بالاتر ہوکرمعاشرے کی اصلاح، حکومتی اصلاحات، مثبت پالیسیوں اور آگہی مہم میں اپنابھر پور کردار ادا کریں۔ کسی بھی سیاسی شخصیت یا جماعت کی ٹرولنگ نہیں ہونی چاہیے۔ حکومت اور معاشرے میں پل کا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار بیر سٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے پریس کلب بنوں میں بنوں اور ڈی آئی خان کے سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمدخان وزیر، صدر پریس کلب بنوں محمد عالم خان، جنرل سیکرٹری عمر دیاز خان سمیت کابینہ کے تمام ممبران اور سینکڑوں سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے شرکت کی۔ بنوں پریس کلب کی جانب سے بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف کو پشتونوں اور بنوں کی روایتی پگڑی پہنائی گئی اور پریس کلب کی جانب سے سونیئر پیش کیا گیا۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے اپنے خطاب میں کہاکہ سوشل میڈیا انفلوئنسزحکومت کے خلاف خبروں، غلط اطلاعات، پروپیگنڈے کے تدارک میں اپنا کردار ادارکریں۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت ِ مسلمان ہم سب کو یقین ہے کہ غلط اطلاعات اور معلومات آگے پھیلانا جرم اور گناہ ہے اور سوشل میڈیا کو مثبت سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جائے تو معاشرے اور ریاست کی بہتری ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں کا ذکر کر تے ہوئے کہا کہ سرکاری کالجوں میں تمام فیسز ختم کر دی گئی ہیں جبکہ صحت کارڈ خیبر پختونخوا حکومت کا انقلابی منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت اور تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں بہتر ی کیلئے مزید اقدامات بھی اُٹھائے جارہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کا کردار مثالی رہا۔ بیرسٹرڈاکٹر محمد علی سیف نے کہا کہ صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمانے کی ترقی کے ساتھ اقدار اور رسومات میں بھی تبدیلی آتی رہتی ہے اس لئے جو قومیں وقت کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کر کے اپنی اقدار کو برقرار رکھ سکے وہی قومیں ترقی کر کے اپنی بقا کو یقینی بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے حالات سے گھبرانے کی بجائے انہیں چیلنج سمجھ کر قبول کر نا چاہیے تب جا کر ہماری ریاست ترقی کر سکے گی۔ مزید برآں معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ نے ریجنل انفارمیشن آفس میں کچھ دیگر صحافیوں کے ساتھ بھی تفصیلی ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی جس پر انہوں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے بہترین انتظامات اور مہمان نوازی پر ریجنل انفارمیشن آفس بنوں کے افسران اور سٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔