کے ایم سی میں ملازمت کے لئے سوشل میڈیا پر زیر گردش اشتہار جعلی اور من گھڑت ہے، ترجمان

November 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان علی حسن ساجد نے کہا ہےکہ کے ایم سی میں ملازمت کے لئے سوشل میڈیا پر زیر گردش اشتہار مکمل طو رپر جعلی اور من گھڑت ہے، بلدیہ عظمیٰ نے ملازمت کے لئے کسی قسم کا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا۔ ایک بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے ملازمتوں پر پابندی کے سبب کسی قسم کا اشتہار جاری نہیں کیا جاسکتا، جن لوگوں نے ایسا کیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، سوشل میڈیا پر جو لوگ ملازمت سے متعلق یہ اشتہار پوسٹ کررہے ہیں، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، شہری ملازمت یا دیگر بلدیاتی امور سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ اطلاعات ومیڈیامینجمنٹ سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔