کارکن نچلی سطح پر عوامی رابطے، بلدیاتی انتخابات کی مہم تیز کریں، حافظ نعیم

November 28, 2022

کراچی ( اسٹاف رپور ٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے 15جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کارکنان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہےکہ بلدیاتی انتخابات کی مہم کو تیز کریں،نچلی سطح پر عوامی رابطے کر یں اوربلاک کوڈکی سطح پر گھر گھر جاکر، ووٹر لسٹوں کوایک بار پھرسے ترتیب دے کر بلدیاتی کارڈز تقسیم کریں،بلدیاتی انتخابات ”حق دو کراچی تحریک“کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے،جماعت اسلامی انتخابی مہم کے ساتھ میئر کو بااختیار کرنے اور اہل کراچی کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے بھی جدوجہد کرے گی،جماعت اسلامی ایک بارپھر سے کراچی میں تعمیر وترقی کا سفر وہیں سے شروع کرے گی جہاں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے چھوڑاتھا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع قائدین کے تحت ادارہ نور حق میں بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونشن سے نائب امیرکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، امیر ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ،سکریٹری ضلع قائدین ولید احمد ودیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر بلدیہ عظمی کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی، نائب امیر ضلع نصیر اللہ حسینی، فاروق احمدمیمن، نعمان حمید ودیگر بھی موجود تھے۔ کنونشن میں حافظ نعیم الرحمن نے ضلع قائدین میں جماعت اسلامی کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں نامزد امیدواروں اورذمہ داران سے تیاریوں اور رابطوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔