پیپلز بس سروس کے روٹ پر تجاوزات کی بھرمار، ٹھیلے، ٹریفک جام معمول، شہریوں کو شدید مشکلات

November 28, 2022

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حکومت سندھ کی جانب سے حیدرآباد کےعوام کے لیے شروع کی گئی سفری سہولت پیپلزبس سروس کے روٹس پر عارضی تجاوزات کی بھرمار، متعدد مقامات پر ٹھیلے،رکشہ اور دیگر گاڑیاں کھڑی کرنے کی وجہ سے ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے، تفصیلات کے مطابق شہر کےعوام کو سفر کی بہتر سہولت دینے کے لیے پیپلزبس سروس کا آغاز کیا گیا ہے، جس کے شہری متعرف ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی شہریوں کو دیگر پریشانیوں کا سامنا بھیکرنا پڑرہا ہے، حکومت سندھ کی جانب سے پیپلزبس سروس کے لیے فی الحال ایک روٹ کا تعین کیا گیا ہے، جو حیدر چوک سے ہالہ ناکہ تک ہے، بس سروس میں یومیہ سینکڑوں کی تعداد میں شہری سفر کررہے ہیں جومختلف منزلوں پر پہنچا رہی ہے، حیدر چوک سے شروع ہونے والی بس سروس کے روٹس کے مختلف مقامات پر عارضی تجاوزات کی بھرمار کے باعث ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا ہے، بس سروس کے روٹس وحدت کالونی،گدو چوک،ایگریکلچر پلازہ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کے دونوں اطراف شہریوں نے ٹھیلے کھڑے کر دیئے ہیں، جبکہ فروٹس،سبزی،مرغی فروشوں اور دکانداروں نے بھی عارضی تجاوزات قائم کردیہیں جس کے باعث سڑک تنگ ہوگئی ہے اور پیپلزبس سروس کو گزرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، اگرچہ ٹریفک کی روانی بہتر رکھنے کے لیے گدو چوک کے مقام پر ٹریفک پولیس کا سیکشن شہباز بھی قائم ہے۔